علامہ اقبال یونیورسٹی کے امتحانی نظام کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

March 23, 2019

اسلام آباد( پرویز شوکت ،وقائع نگار) علامہ اقبال یونیورسٹی نے امتحانی نظام کو یکسر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب ہر سطح کے امیدواروں کو ہر دفعہ نئی اسائنمنٹ دی جائے گی۔ امیدوار ای میل کے ذریعے اپنی اسائنٹمنٹ ٹیچر کو بھیجیں گے۔بازاروں میں اسائنمنٹ خریدنے اور بیچنے کا سسٹم ختم ہوجائے گا۔طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتوں پر انحصار کرنا پڑے گا۔نظام کی بہتری کےلئے برٹش کونسل اور برٹش اوپن یونیورسٹی سے تعاون کےلئے بات چیت جاری ہے اور ان کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے مشترکہ پروگرام شروع کئےجائیں گے۔ یہ باتیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نےکہا کہ دور دراز علاقوں میں انٹر نیٹ نظام کی بہتری کےلئے فوجی اور سول حکام سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت علامہ اقبال یونیورسٹی کے تحت تقریباً چودہ لاکھ سٹوڈنٹس رجسٹرڈ ہیں ۔جعلی داخلہ فارمز پر بھی کنٹرول کیاگیا ہے۔طویل عرصے سےکنٹریکٹ ملازمین کو بھی میرٹ کے مطابق مستقل کیا جائے گا ۔