اٹلی اور چین کے درمیان تاریخی معاہدہ، اوبور پروجیکٹ میں شامل

March 24, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) فرانس اور جرمنی کی جانب سے تنبیہ کے باوجود اٹلی چین کے ساتھ اربوں ڈالرز مالیت کے معاہدے کرکے جی سیون ممالک میں یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے جو ون بیلٹ ون روڈ پروجیکٹ میں شامل ہو گیا ہے۔ فرانس اور جرمنی نے اٹلی کو تنہا چین کے ساتھ معاہدے سے روکا تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر اٹلی کے دارالحکومت روم پہنچے ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے جبکہ اسٹیل اور توانائی کے شعبے میں بھی معاہدے کیے گئے۔ چین کے سب سے بڑے انفرا اسٹرکچر پروجیکٹ کا حصہ بن کر اٹلی چینی مارکیٹس تک رسائی کے ذریعے اپنی معیشت کو سہارا دینا چاہتا ہے۔ سابق اطالوی وزیراعظم فرانکو فراتینی کا کہنا تھا کہ بیجنگ کا ون بیلٹ ون روڈ (اوبور) پروجیکٹ رَوم کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔