ٹیکس ایمنسٹی دینگے، نان فائلرز پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم ہوگا، اسدعمر

April 03, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیر خزانہ اسدعمر نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی دینگے،نان فائلرز پر وڈہولڈنگ ٹیکس ختم ہوگا،سول ملٹری ملازمین میں ٹیکس چھوٹ سے متعلق تفریق ختم ہونا چاہیے، آئندہ فیصلےذاتی خواہشات پر نہیں بلکہ تحقیق کی بنیادپر ہونگے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ملکی معیشت پر اشرافیہ کا قبضہ ہے اشرافیہ کا وسائل پر قبضے کا فیصلہ سیاسی انتخاب ہے یہ کتابوں سے حل ہونے والا معاملہ نہیں، عبدالرزاق دائود نے کہاکہ صنعتوں کو سبسڈی نہیں دینگے،حماد اظہر نے کہا ہےکہ ٹیکس پالیسی اب ایف بی آر کا حصہ نہیں،حفیظ پاشا نے کہا ہےکہ اشرافیہ کا وسائل پر قبضہ ہے ،لیفٹیننٹ جنرل ( ر) طلعت مسعود نے کہا ہےکہ معیشت کا انحصار بیرونی امداد پر ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام پری بجٹ سیمینار اور پاکستان میں ترقی اور عدم مساوات کےعنوان سے ڈاکٹر حفیظ اے پاشا کی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اشرافیہ کا مسئلہ پاکستان کی سیاست کا مرکزی چیلنج ہے اور سیاسی عمل جب چلتا رہے گا تو اشرافیہ کا قبضہ کم ہوتا جائے گا، انہوں نےکہا کہ ٹیکسوں میں بہت سی رعایتیں اشرافیہ نہیں بلکہ عوام کے لیے بھی ہیں ، آئندہ بجٹ میں بہت سے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیں گے 41سے زائد ودہولڈنگ ٹیکسوں کو ختم کرنےپر غور کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا ویلتھ ٹیکس کا میں بہت بڑا حمایتی ہوں ، ایک حد سے زیادہ دولت پر ٹیکس ہونا چاہئے ، وزیر خزانہ نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے سرمائے کی بھی چیکنگ ہونا چاہئے ، دنیا میں اس حوالے سے دہرا معیار ہے ایک مزدور کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے بہت سے لوازمات اور چیکنگ ہے لیکن سرمائے کی چیکنگ نہیں ہوتی ، ترقی پذیر ممالک سے پیسہ چوری کر کے دنیا کی ٹیکس کی خفیہ پناہ گاہوں میں چھپایا جاتا ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں جی ڈی پی کی اوسط شرح 4.5فیصد رپورٹ کی گئی ، وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو گروتھ کی ضرورت ہے۔