’’روپے کی قدر میں کمی کاکوئی امکان نہیں‘‘

April 05, 2019

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرکہتے ہیں کہ روپے کی قدر میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے، اسٹیٹ بینک نے کہہ دیا ہے کہ روپیہ توازن میں ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے انٹر لوپ کی لسٹنگ کے موقع پر کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ارکان سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ افواہیں نہ پھیلائیں اور ڈالر خرید کر پیسہ ضائع نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر کو مصنوعی طور پر اونچا رکھا گیا تھا، یہ قدر اب مارکیٹ سے ہم آہنگ ہوگئی ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے بھی روپے کے شرح تبادلہ کے لیول پر بات نہیں ہوئی، حکومت نے بہت مشکل فیصلے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے نظام کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں،تبدیلی کو عام طور پر پسند نہیں کیا جاتا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ تبدیلی کو مرحلہ وار متعارف کرانا چاہیے، تبدیلی سے تباہی بھی ہوتی ہے۔

اسد عمر کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں سرکاری سوچ سے نکلنا ہے، اپنے قوانین کو دنیا کے بہترین طریقوں پر منتقل کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی معیشت کا حجم معاشی نمو کے مقاصد نہیں دے رہا، مارکیٹ ضرورت سے زائد ریگولیٹڈ ہے۔