’’فوربز کی لسٹ میں آنا اعزاز کی بات ہے‘‘

April 10, 2019

امریکا کے عالمی شہرت کے حامل فوربز میگزین نے جاری کردہ سالانہ ٹاپ 30 انڈر30 کی فہرست میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ زین اشرف مغل کا نام بھی شامل کیا ہے۔

زین اشرف مغل نے فوربز میں نام شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لسٹ میں نام آنا میرے اور میرے ملک کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔

فوربز میگزین کی جاری کردہ سالانہ ٹاپ 30 انڈر 30 سوشل انٹرپرینیورز لیڈر شپ کی فہرست میں پاکستانی زین اشرف مغل کا نام شامل کیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ زین اشرف نے 2013ء میں یونیورسٹی آف میامی سے انٹرپرینیور کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد غربت کے خاتمے کے مشن کو اپناتے ہوئے سیڈ آؤٹ کے نام سے این جی او تشکیل دی تھی جو غربت میں زندگی گزارنے والے افراد کو بلاسود سرمایہ فراہم کر کے اپنا کاروبار شروع کرنے میں مدد کرتی ہے۔

زین اشرف مغل کا کہنا ہے کہ میں یہ اعزاز ان غریب افراد کے نام کرتا ہوں جن کے باعث مجھے یہ اعز از حاصل ہوا، میری خواہش ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ ہو اور میں اس کے لیے اپنے پلیٹ فارم سے یہ کوشش جاری رکھوں گا۔

زین اشرف مغل اس سے قبل کامن ویلتھ ایکسیلینس ایوارڈ برائے ڈیولپمنٹ ورک بھی حاصل کرچکے ہیں اور یہ ایوارڈ انہیں گزشتہ برس برطانوی شہزادہ ولیم اورہیری نے بکنگھم پیلس میں منعقدہ تقریب میں مشترکہ طور پر دیا تھا۔