ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اور احسان ٹرسٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

April 15, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اور احسان ٹرسٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب ہمدرد پاکستان کے ہیڈ آفس کراچی میں منعقد ہوئی جس میں فائونڈیشن کی صدرسعدیہ راشد اور احسان ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر عمران عثمانی نے دستخط کیے۔ دستاویز کی رو سے ہمدرد فائونڈیشن پاکستان ضرورت مند ہونہار طلبہ کی ہائر ایجوکیشن کے لیے احسان ٹرسٹ کی پچاس لاکھ روپے سے مالی معاونت کرے گا۔ احسان ٹرسٹ کو دی جانے والی یہ اعانت ابتدائی ہے جس میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر احسان ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی و خزانچی احمد علی صدیقی نے بتایا کہ اس ٹرسٹ کا قیام 2010 ء میں کیا گیا جس کا مقصد ہائر سکنڈری ایجوکیشن کے بعد مستحق طلبہ کو ہائرایجوکیشن کے لیے قرض حسنہ دینا ہے۔ دستخطی تقریب میں ہمدرد (وقف) کی متولیہ فاطمہ منیر احمد کے علاوہ احسان ٹرسٹ کے جنرل منیجر فیاض الرحمن اور محمد حمزہ خان نے بھی شرکت کی۔