کراچی؛ 50 افراد کے قاتل، 6 ٹارگٹ کلر گرفتار

April 15, 2019

محکمہ انسداددہشت گردی (سی ٹی ڈی)نے کراچی میں مختلف کارروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی 50سے زائد وارداتوں میں ملوث 6 ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے تین کا نام ریڈ بک میں شامل ہے۔ ایک پولیس کانسٹیبل بھی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ بتایا گیا ہے۔

ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ ملزمان میں محمد حیدر عرف چھوٹا بچہ ، سید مہتاب حسین نقوی اور گل اکبر عرف عبداللہ کا نام ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔

ٹارگٹ کلر ٹیم میں پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل سید حیدر عباس بھی شامل ہے جو گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں تعینات تھا، دیگر ملزمان میں آصف رضا عرف خالد اور کامران عرف پٹھان شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ملزمان نے 50 سے زائد افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جبکہ یہی گروپ مولانا اورنگزیب فاروقی پر بھی حملے میں ملوث ہے۔ ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان 2003سے وارداتیں کر رہے تھے، ٹارگٹ کلرز کو 40ہزار اور ٹارگٹ کی ریکی کرنے والوں کو 20ہزار ماہانہ تنخواہ دی جاتی تھی۔