مستونگ،بھائی کے جنازے میں شرکت کیلئے آنے والوں کی ویگن کو  حادثہ، 11 ہلاک

April 17, 2019

مستونگ/قلعہ عبداللہ (نامہ نگاران) ویگن اور ٹریلر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں اپنے بھائی کے جنازے میں شرکت کیلئے آنیوالی چار بہنوں اور دو بھائیوں سمیت گیارہ رشتہ دار جاں بحق جبکہ 18زخمی ہوگئے۔ جائے وقوعہ پر قیامت صغرٰی کا منظرتھا۔ ویگن کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر غنجہ ڈوری کے قریب کراچی ملیر سے تعزیت کے سلسلے میں ویگن بک کرکے قلعہ عبداللہ جانیوالوں کی ویگن اوور ٹیک کے دوران مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار ایک ہی خاندان کی خواتین و بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور18 زخمی ہوئے ۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ لاشیں اور زخمی ویگن میں پھنس کر رہ گئے اور ویگن کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ جبکہ ٹرالر میں سوار پانچ میں سے تین افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ دو موقع سے فرار ہوگئے ۔ زخمیوں کو مستونگ کے ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالوں میں محمد رسول ولد عبدالحکیم سکنہ کراچی خان آغا ولد گل شمس اللہ ولد عبدالصمد شبیر آغاولد میر آغا بی بی زرکان سید خان ولد خان عبدالرحمن ولد نظر محمد سید خان ولد کالا خان حاجی محمد خان ولد خدائے نظر فرزانہ ولد عبدالصمد بی بی گل زوجہ محمد ایوب شامل ہیں ۔ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ان کی میتوں کو ایدھی ٹرسٹ میں غسل دینے کے بعد کفن اور تابوت میں پیک کرکے ایمبولینسز کے ذریعے کراچی روانہ کر دیا گیا۔واضع رہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ سنگل روڈ کے باعث آئے روز ٹریفک کے ہولناک حادثات رونماء ہوتے رہتے ہیں۔قلعہ عبد اللہ سے نامہ نگار کے مطابق جنگل پیر علیزئی کے رہائشی مولوی عزیز اللہ کو گذشتہ روز گلستان کے قریب نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔ اس کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر کراچی سے اس کی نماز جنازہ اور آخر ی دیدار کے لیے اس کے رشتہ دار ویگن کے ذریعے کراچی سے جنگل پیر علیزئی قلعہ عبد اللہ آرہے تھے کہ مستونگ کے قریب ویگن ٹر یفک حادثے کا شکار ہو گئی۔