حیات آباد آپریشن کی تحقیقات میں اہم انکشاف

April 17, 2019

پشاور کے علاقے حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دہشت گردوں نے فورسز کے مکان میں داخل ہونے پر پوری عمارت اُڑانے کا منصوبہ بنایا تھا، اگر ایک بم کو بھی ناکارہ بنایا جاتا تو پورا نیٹ ورک پھٹ جاتا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے مکان میں پولیس اورسیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے منصوبہ تیار کر رکھا تھا، فورسز کے داخل ہونے پر پورا مکان بارود سے اُڑا دیا جاتا، اگرایک بم کو ناکارہ کرتے تو پورا نیٹ ورک پھٹ جاتا۔

ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل اور کمروں میں آئی ای ڈی نیٹ ورک نصب کیا گیا تھا، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ٹریپ کی وجہ سے طویل ہوا۔

دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 20 سالہ افغان خودکش بمبار عمران محمد شامل ہے۔

واضح رہے کہ پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کیخلاف 17 گھنٹے تک جاری رہنے والے سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مکان میں چھپے 5دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا جبکہ ایک اہلکار شہید اور 2زخمی ہو گئے تھے۔