نیب مگرمچھوں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر دیکھ رہا ہے، چیئرمین

April 17, 2019

چیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کاکہناہےکہ نیب مگرمچھوں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر دیکھ رہاہے ،پھربھی الزام ہےکہ نیب کیسوں کومنطقی انجام تک نہیں پہنچارہا ،جنہیں لوگ آنکھ اٹھا کرنہیں دیکھ سکتے تھے، وہ نیب کی حوالاتوں یا جیل میں ہیں ،کیا یہ منطقی انجام نہیں۔

چیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے لاہورمیں فیروزپور سٹی کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے اب تک 303 ارب روپےکرپٹ لوگوں سے وصول کیے، جن کو لوگ آنکھ اٹھا کر دیکھ نہیں سکتے تھے، وہ نیب کی حوالاتوں یا جیل میں ہیں۔

چیئرمین نیب کاکہناتھاکہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے،انہوں نے ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنایا،نیب مگرمچھوں پر ہاتھ ڈال کر ان کے منہ سے نوالہ کھینچ رہا ہے جو غریبوں کاحق ہے۔

چیئرمین نیب نے تردیدکی کہ نیب کاروباری برادری کےخلاف کارروائیاں کر رہا ہے،اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نےنیب کےڈائریکٹر کومقررکیا کہ کاروباری برادری کی شکایات سنیں ،مگر 4 مہینے گزرگئے، ایک شکایت نہیں آئی۔