کوئی ٹیکس افسر/اہلکار تحریری اجازت کے بغیر ایف بی آر ہیڈکوارٹرز نہیں آ سکے گا

April 19, 2019

اسلام آباد (حنیف خالد) چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر جہانزیب خان کی ہدایت پر ممبر ایڈمنسٹریشن شاد محمد خان نے جمعرات کی شام ملک بھر کے کسٹم کلکٹریٹ لارج ٹیکس پیئرز یونٹوں کے 23علاقائی ٹیکس دفاتر کے سربراہوں کو ایک اہم سرکلر بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسٹم کلکٹریٹ اور اِن لینڈ ریونیو کے لارج ٹیکس پیئرز یونٹوں‘ ریجنل ٹیکس دفاتر‘ کارپوریٹ علاقائی ٹیکس دفاتر کے افسروں اور اہلکاروں کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں آتے جاتے دیکھا گیا ہے۔ یہ سلسلہ فوری طور پر بند کر دیا جائے کیونکہ یہ سلسلہ جاری رہنے سے متعلقہ افسر اور ایف بی آر کے اہلکار کے ٹیکس و کسٹم دفاتر کے کام کا حرج ہوتا ہے‘ کیونکہ وہ اپنی سیٹ پر نہیں بیٹھتا۔ اسکے ساتھ ساتھ کراچی سے پشاور تک سے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز آنے والے افسروں اور اہلکاروں کی وجہ سے ایف بی آر ہیڈآفس میں کام بیحد متاثر ہوتا ہے‘ اسلئے یہ سرکلر جاری کرنا پڑا ہے ۔