والدین جاری داخلہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں‘صوبائی مشیر تعلیم

April 21, 2019

پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری داخلہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور نہ صرف اپنے بچوںکو سرکاری سکولوں میں داخلہ کرائیں بلکہ دوسروں کو بھی ترغیب دیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا بشمول ضم قبائلی اضلاع پورے صوبے میں قابل اساتذہ کی زیرنگرانی سرکاری سکولوں میں مفت تدریسی کتب سمیت مفت معیاری تعلیم اور محفوظ تدریسی ماحول فراہم کررہاہے ۔وہ ہفتہ کے روز گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2کوہاٹ میں داخلہ مہم 2019کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔تقریب سے ضلع ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی، ڈسڑکٹ خطیب مفتی شفیع اللہ اور محکمہ تعلیم کے حکام نے خطاب کیا اورتعلیم اور داخلہ مہم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنا اہم کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔مشیر تعلیم نے داخلہ مہم کی اہمیت سے متعلق عوامی سطح پرشعورپیدا کرنے کے لئے واک کی قیادت بھی کی اور بچوں میں درسی کتب اور بستے بھی تقسیم کئے۔انہوں نے وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے سلسلے میں گورنمنٹ پرائمری سکول تحصیل میں پودا بھی لگایا۔مشیر تعلیم نے کہا کہ صوبے میں امسال 8لاکھ جبکہ کوہاٹ میں 18تا20ہزار بچوں کے داخلہ کا ہدف رکھاگیا ہے جسے ہر صورت پوراکرنے کی کوشش کریں گے۔