ورلڈکپ میں حفیظ اور شعیب کو پاور ہٹر کی ذمہ داری دی جائیگی

April 22, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان کریں گے۔ بابر اعظم ون ڈائون ، محمد حفیظ کو چوتھے کپتان سرفراز احمد کو پانچویں اورشعیب ملک کو چھٹے نمبر پر کھلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ حفیظ اور شعیب ملک کو پاور ھٹر کی ذمے داری دی جائے گی۔ اتوار کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے مجھے چوتھے نمبر پر کھیلنے کے لئے کہا ہے یہ رول بھی احسن انداز میں ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔ آسٹریلیا کی سیریز میں اسی پوزیشن پر محمد رضوان نے دو سنچریاں بنائیں تھیں لیکن وہ ٹیم سے ڈراپ ہیں۔ محمد حفیظ نے کہا کہ سولہ سترہ سالہ کیریئر میں اوپنر کھیلا ہوں ، اس پوزیشن پر کھیلتے ہوئے میں زیادہ بہتر محسوس کرتا ہوں، آپریشن کی وجہ سے 9 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہوا ، ورلڈ کپ تک مکمل طور پر فٹ ہو جاؤں گا۔ سابق بھارتی کھلاڑی سہواگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہسہواگ کے بیان پر ہم صرف ہنس ہی سکتے ہیں، کرکٹ کا میچ جنگ نہیں بلکہ اس کا مطلب لوگوں کو تفریح کر انا ہوتا ہے۔ پاک بھارت میچ شائقین کے لئے بڑی دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں۔