محکمہ مال میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتیوں کیلئے قبضہ مافیا کے سفارشی متحرک

April 22, 2019

اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت کے محکمہ مال میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتیوں کیلئے ’’قبضہ مافیا‘‘ کے سفارشی متحرک ہو گئے ہیں۔ پاکستان کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی بیورو کریسی کی خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ اسکی تقرری اسلام آباد میں ہو جس کیلئے وہ سفارش کے ساتھ رشوت کا گُر بھی استعمال کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف کمشنر آفس میں تحصیلداروں کے انٹرویوز میں بھی متعدد سفارشی ’’لینڈ مافیا‘‘ بتائے جاتے ہیں‘ جو اسلام آباد کی قیمتی زمینوں پر قبضہ کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ تبدیلی سرکار حقدار تحصیلداروں اور پٹواریوں کی پروموشن اور نئی بھرتی کی بجائے غیرمستحق لا کر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا بیڑا غرق کرنا چاہتے ہیں۔ چیف کمشنر آفس سے متعلقہ حکام نے کہا رولز سے ہٹ کر تقرری نہ پہلے ہوئی نہ اب ہوگی۔