آفریدی نے جو کہا حقیقت اُس سے زیادہ ہے، شعیب اختر

May 09, 2019

سابق فاسٹ بولر اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی کتاب میں کیے جانے والے انکشافات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آفریدی نے سینئرز کے سخت رویے پر جو کچھ لکھا ہے، حقیقت اس سےکہیں زیادہ ہے، آفریدی کو اس بارے میں کچھ مزید کہنا چاہئے تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر بیان میں کہا ہے کہ دراصل شاہد آفریدی کو یہ باتیں 20 سال پہلے کہہ دینی چاہئے تھیں، اگر وہ صحیح وقت پر یہ باتیں کہہ دیتے تو اُنہیں کتاب لکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔


واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی سوانح عمری ’گیم چینجر‘ میں لیجنڈری جاوید میانداد ، سابق کوچ وقار یونس اور انضمام الحق سمیت کئی سینئرز کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جاوید میانداد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاہد آفریدی محض اپنی کتاب کی تشہیر کے لیے ایسا کر رہے ہیں، کتاب میں اُن کی باتیں سن کر ہنسی آتی ہے۔

سابق اوپنر عمران فرحت نے بھی کتاب میں شاہد آفریدی کے انکشافات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔