قوالی نائٹ: راحت فتح علی خان نے محفل لوٹ لی

May 12, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے کراچی میں منعقدہ قوالی نائٹ میں بر صغیر کے ممتاز شعراء کا کلام اپنی سریلی آواز میں پیش کرکے محفل لوٹ لی۔

کراچی میں منعقدہ قوالی نائٹ میں راحت فتح علی خان نےرمضان المبارک میں صوفی موسیقی کے رنگ بکھیرے، اس موقع پر حاضرین سحری تک روح کو گرما دینے والی محفل میں شریک رہے۔

استاد راحت فتح علی خان نے محفل سماع کا آغاز حمدیہ کلام’ اللہ ہوں اللہ ہوں ‘سے کیا جبکہ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ پہلی بار کراچی میں قوالی نائٹ میں پرفارمنس دی ہے،مجھے ذاتی طور پر بہت مزا آیا۔اس طرح کی محفل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

راحت فتح علی خان نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں صوفی موسیقی کو بے حد سراہا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ راحت فتح علی خان نے اُس گھرانے میں آنکھ کھولی جو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔7سال کی عمر میں ان کی باقاعدہ تربیت کا آغاز ہو گیا تھا ، اب تک ان کے 50 سے زائد البم ریلیز ہوچکے ہیں۔

صرف یہی نہیں وہ دنیا بھر میں مختلف بڑے کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور انہیں عالمی شہرت حاصل ہے جبکہ وہ آن لائن ایک ارب ویوز حاصل کرچکے ہیں۔

اس کے علاوہ راحت فتح علی خان ٹیلی ویژن سیریلز کے 50 سے زائد ٹائٹل ٹریک اور 100 سے زائد فلموں کے گیت گا چکے ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری دینے کی تقریب اس سال 26 جون کو منعقد ہوگی، اس سے قبل 2016ء میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے راحت فتح علی خان کی قوالیوں اور کلاسیکل موسیقی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔