پیپلز پارٹی نے آئی ایم ایف سے ڈیل کو عوام دشمن قرار دیدیا

May 13, 2019

اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) سےہونے والی ڈیل کو عوام دشمن قرار دیدیا۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن اور سینئر رہنما نفیسہ شاہ نے آئی ایم ایف سے معاہدے پر اظہارخیال کیا۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ عام آدمی مزید مہنگائی برداشت نہیں کر سکتا،ہم عوام دشمن معاہدے کو نہیں مانتے۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کن شرائط پر ملک اور ادارے گروی رکھے جارہے ہیں؟معاہدے سے لگتا ہے کہ مہنگائی کا سونامی آنے والا ہے۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اپنی ہی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کر کے واپس چلی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پارلیمان میں بریفنگ دی جائے،بتایا جائے وزارت خزانہ کے اعلی حکام ان مذاکرات میں کیوں شامل نہیں تھے؟

شیری رحمٰن نے استفسار کیا کہ حکومت ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کو بند کرنے جارہی ہے،حکومت یاد رکھے عام آدمی مزید مہنگائی برداشت نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کے بعد روپے کی قدر مزید کم ہوگی۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ اقساط میں6 ارب ڈالر سے بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ کیسے پورا ہوگا؟ قرضہ لینے پر خودکشی کو ترجیح دینے والوں کیلئے آئی ایم ایف سے ڈیل شرمناک ہے۔