شاہ محمود جنوبی پنجاب کے عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں، ن لیگ

May 16, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ شاہ محمود قریشی جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر عوام کوبیوقوف بنانابند کردیں ۔وزیرخارجہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبوں کے قیام کا بل قومی اسمبلی میں جمع کرا چکی ہے‘ بل کی مخالفت تحریک انصاف کے وزیر اور پارلیمانی سیکرٹری نے کی‘مسلم لیگ( ن) کا بل پہلے ہی اسٹینڈنگ کمیٹی میں موجود ہے، ’’شاہ صاحب‘‘ حکومتی نمائندے سے کہیں کہ بل پر فوری طور پر پیشرفت شروع کریں۔ان کا کہناتھاکہ پارلیمنٹ اور عوام سے جو وعدہ کیا، وہ صرف ن لیگ کو نبھانا آتا ہے،قومی اسمبلی کے ریکارڈ پر موجود ہے کس نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی ترجمانی کی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اسمبلی کے ریکارڈ کو جھٹلانے کی کوشش نہ کریں۔جنوبی پنجاب کے عوام سے آپ نے 100 دنوں میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا،جنوبی پنجاب کے مظلوم لوگوں کے حقوق پر سیاست کرنا آپ بند کریں‘ پی ٹی آئی صرف نقل کی سیاست کر سکتی ہے ، مسلم لیگ ن کے منصوبوں کو اپنا بناکر پیش کیا، اب جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبہ پر مسلم لیگ ن کے بل پر بھی شاہ صاحب اپنا نام لکھنے پر تلے ہوئے ہیں۔