رضاربانی کی مشیر خزانہ پر تنقید

May 17, 2019

سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے عبدالحفیظ شیخ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشیر خزانہ کا این ایف سی ایوارڈ سے متعلق بیان آئی ایم ایف کے بیان سے متصادم ہے۔ یا تو مشیر خزانہ آئی ایم ایف کی توقعات سے آگاہ نہیں ، یا پھر عوام کو دانستہ طور پر گمراہ کر رہے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے مشیر خزانہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر اب تک پارلیمان یا کابینہ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ اس کا مقصد آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں طے پانے والی خفیہ شقوں کو پوشیدہ رکھنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی فری فلوٹ سے پہلے ہی دن ڈالر کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے پاکستان کا بیرونی قرضہ 667 ارب روپے تک بڑھ گیا ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف معاہدے میں کوئی ایسی خفیہ شق شامل نہیں جو قومی سلامتی ، صوبائی خودمختاری اور عام آدمی کی فلاح کے لیے نقصان دہ نہیں ہے تو پھر حکومت کیوں مسلسل آئی ایم ایف معاہدے کی شرائط کو چھپا رہی ہے ۔