اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر نے امریکی سفارتخانے کے ملازم کو قتل کرنے کا ملزم جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا ۔ مدعی مقدمہ سرور بیگ نے تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج کرایا تھا کہ اس کا بھائی اقبال بیگ امریکی سفارتخانے میں ملازم تھا ، 26جولائی2015کی شام گھر واپس پہنچا تو نامعلوم افراد نے پستول سے فائر کر کے بھائی کو زخمی کر دیا جو فوت ہو گیا ، 20مارچ 2016کو عبدالنسیم وغیرہ ایک اور مقدمے میں گرفتار ہوئے تو تفتیش کے دوران اقبال بیگ کے قتل کا انکشاف کیا ، شریک ملزمان عمر اور اجمل گل نے ضمانت کرائی اور فرار ہو گئے،جبکہ شناخت نہ ہونے پر شریک ملزم موسیٰ کو بری کر دیا گیا ۔ عبدالنسیم کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا ۔