شبر زیدی کا کراچی کے تاجروں کے ساتھ رویہ کیسا رہا؟

May 18, 2019

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے دوران تاجروں سے خوش گوار ماحول میں ملے ،شبر زیدی نے تاجروں کے ساتھ زیادہ تر وقت ایمنسی اسکیم ، ایف بی آر اور کاروباری مشکلات پر بات کی۔

چیرمین ایف بی آر کے دورے کا مقصد تو آئندہ مالی سال کے بجٹ پر مشاورت کرنا تھا لیکن نہ نہ کہہ کر بھی انہوں نے اپنی باتیں کہہ دیں جبکہ شبر زیدی کے چیمبر آف کامرس میںانداز بھی کچھ بدلے بدلے سے تھے کبھی بات کرنے والے کو سردست جواب دینا اور ہر بات کا جواب دینے سے پہلے مائیک چیک کرنایہ وہ اندازتھے جو چیئرمین ایف بی آر کے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر نظر آئے۔

شبر زیدی کے دورے کے دوران ماحول دوستانہ تھااس کی وجہ شاید کئی دھائیاں شبر زیدی نے انہی تاجروں کی نمائندگی کرتے ایف بی آر میں گزاری ہیں وہ آج خود اسی ادارے کے سربراہ بن کر کراچی چیمبرز پہنچے ہیں۔

تاجروں نےشبر زیدی کے سامنے معاشی مشکل کا کھل کررونا رویا، سنگین کاروباری حالات گوش گذار کئے، ایف بی آر کے لگائے گھائو دکھائے اور آنے والی ایمنسٹی اسکیم کے بارے میں بھی سوالات کئے۔

چیرمین ایف بی آر کے لئے بھی مسئلے کو سمجھنا آسان تھا، کہاں ایف بی آر غلط ہے کہاں تاجر اس بات کا انہوں نے برملا اظہار کیا جبکہ جو بات صحیح معلوم ہوئی اسے مان بھی لیا،ان خوش گپیوں میں سنجیدہ امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس کے دوران ایمنسٹی پر سوالات ہوئے، جس پر چیئرمین ایف بی آر کا واضع جواب تھا کہ جو کچھ بھی ہے بس یہی ہے۔