استعمال شدہ ٹائر خریدنا زندگی کو خطرے میں ڈالناہے، کونسلز کا انتباہ

May 20, 2019

لندن (پی اے) لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن نے گاڑیوں کے مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ استعمال شدہ ٹائرز خریدنا اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، انتباہ میں کہا گیا ہے کہ تھوڑے سے پھٹے ہوئے ٹائر سنگین حفاظتی نقائص، غیرمحفوط مرمت اورغلط لیبل لگا کر فروخت کئے جا رہے ہیں۔ انگلینڈ اور ویلز کی کونسلز کی نمائندہ ایسوسی ایشن نے گاڑیوں کے مالکان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ استعمال شدہ ٹائر خریدتے وقت اچھی طرح اطمینان کرلیں کہ وہ اچھی حالت میں ہیں اور ان پر جزوی طورپر پھٹے ہونے کی مارکنگ موجود ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ جن ٹائرز میں کورڈز نظر آرہی ہوں، انھیں لگانے کی صورت میں ڈرائیور کیلئے گاڑی کی رفتار بڑھانا، گاڑی کو اپنی مرضی سے موڑنا اور مناسب طریقے سے بریک لگانا مشکل ہوجاتا ہے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق 2017کے دوران برطانیہ کی سڑکوں پر حادثات میں 17افراد ہلاک اور 147شدید زخمی ہوئے۔ ٹائروں کی خرابی ان حادثات کا ایک سبب تھا۔ یارک شائر اور ہمبر کی 10 کونسلوں کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق 29استعمال شدہ ٹائروں کا جائزہ لیا گیا تو ان میں سے 45فیصد غیر محفوظ ثابت ہوئے۔ لندن کی بارکنگ اور ڈگنہیم برو کی جانب سے ایک مقدمے کے نتیجے میں ایک ٹائر فروش اور کمپنی کے ڈائریکٹر پر غیر محفوظ ٹائر فروخت کرنے کے الزام میں 2ہزار 712پونڈ جرمانہ کیا گیا۔