کراچی،گلستان جوہر میں خاتون ٹیچر کو ہراساں کرنے کا واقعہ

May 20, 2019

کراچی(این این آئی)کراچی میں خاتون ٹیچر کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، ون فائیو پر کال کے باوجود پولیس نے نوٹس نہ لیا،آئی جی سندھ نے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد نوٹس لے لیا۔خاتون ٹیچر کی سوشل میڈیا پردہائی، رنگ لے آئی، آئی جی سندھ حرکت میں آگئے۔ گلستان جوہر میں خاتون ٹیچر کو ہراساں کرنے سے متعلق واقعے پر آئی جی سندھ کے نوٹس پر ایس ایس پی ایسٹ نے متاثرہ خاتون سے رابطہ کیا اور اپنے ہرممکن تحفظ کی یقین دہانی کرادی۔ پولیس حکام نے واقعے میں ملوث عناصرکیخلاف کارروائی کرنے کا بھی یقین دلایا ۔ خاتون ٹیچر کی جانب سے سوشل میڈیا پروائرل وڈیو میں ہراساں کیے جانے سے متعلق خاتون نے کہاکہ اسے کئی روز سے نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ ون فائیو پر اطلاع کے باوجود بھی پولیس نے خاتون کی کوئی مدد نہیں کی۔