برطانیہ کا تابناک مستقبل یورپ سےوابستہ ہے، سجاد کریم

May 21, 2019

وارنگٹن(پ ر)شمالی انگلستان کے تاریخی اور متمول علاقے لم (Lymm )کے ولیج ٹائون ہال میں مقامی اخبار وارنگٹن گارڈین کے زیر اہتمام ایک شاندار انتخابی جلسے (Husting) کا اہتمام کیا گیا۔جس میں یورپین پارلیمنٹ کے انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں نے حصہ لیا۔ تاہم بریگزٹ پارٹی کا امیدواربوجوہ غیر حاضرتھا۔ پاکستانی کیمونٹی کی طرف سے حلقہ ارباب ذوق کے چیئرپرسن محمدانور اور سینئر رکن محمدولید شاہ نے خاص طور پر شرکت کی۔ امیدواروں نے اپنا اپنا تعارف پیش کیا۔ کنزرویٹیو ایم ای پی سجاد کریم نے اپنے خطاب میں کہاکہ برطانیہ کا تابناک مستقبل یورپ سے وابستہ ہے۔بریگزٹ ریفرنڈم کے بعد شمالی انگلستان کے عوام کو اب ادراک ہونے لگاہے کہ انہیں بریگزٹ کےبارے میں گمراہ کن معلومات مہیا کی گئیں۔ جس کی وجہ سے آج ہم اس مسئلے میں الجھ کر رہ گئے ہیں۔ سجاد کریم نے مزید کہا کہ بحیثیت یورپی ممبر آف پارلیمنٹ گزشتہ پندرہ سال سے میری اور میرے ساتھیوں کی متواتر جدوجہد رہی ہے کہ شمالی انگلستان کی خوشحالی کیلئے زیادہ سے زیادہ یورپین فنڈز حاصل کئے جائیں۔اور اس میں ہم کافی حد تک کامیاب ہوئے۔لیکن بریگزٹ کی موجودہ گومگوں صورت حال نے مجھے شمالی انگلستان کے بارے میں نہایت فکر مند کر دیا ہے کہ ہماری بزنس انڈسٹری اور عوام کے روزگار کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔ کامن مارکیٹ کو چھوڑنے کی صورت میں کئی کمپنیاں، بینک اور فیکٹریاں اپنی بقا کیلئے انگلستان سے یورپ منتقل ہونے کے پروگرام ترتیب دے رہی ہیں۔ صاف ظاہر ہے کہ انگلستان کاتابناک مستقبل یورپ سے وابستہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں لیبر امیدوار جولی وارڈ نے کہا کہ شمالی انگلستان کی بہتری کیلئے یورپین ممبرز آف پارلیمنٹ دن رات محنت کرتے ہیں۔ انہوں نے ایم ای پی سجاد کریم کی کاوشوں کا تذکرہ کیا۔