اشتعال انگیز تقاریر اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

May 21, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی اور صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام کرنے پر اتفاق کیا گیا اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ملاقات میں امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈی نیشن پر اتفاق ہوا۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔عوام کی جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی۔ پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔