فیصل واوڈا کی تردید،عمر چیمہ کی وضاحت

May 21, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے جنگ اور دی نیوز اخبار میں چھپنے والی خبر کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میرے متعلق چھپنے والی خبر جھوٹی ،بے بنیاد اور من گھڑت ہے، انہوں نے کہا کہ میں جنگ اور دی نیوز میں چھپنے والی خبر کی سختی سے تردید کرتا ہوں، جنگ گروپ کی خبر حقائق کے منافی، اور جھوٹ کا پلندہ ہے، اخبار کا یکطرفہ موقف صرف اور صرف جھوٹا پروپیگنڈہ ہے،فیصل واوڈا نے کہا کہ جیو اور جنگ گروپ اپنے رپورٹر کی جھوٹی خبر کا نوٹس لے، عمر چیمہ صحافت کی آڑ میں چھپابلیک میلر ٹولے کا حصہ ہے، جھوٹی خبر کے ذریعے میرے خلاف ناپاک عزائم بری طرح ایکسپوز ہو گئے، انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو پہلے بھی شکست ہوئی آئندہ بھی ہو گی۔دریں اثنا ءعمر چیمہ کا وضاحت دیتے ہوئے کہنا ہے کہ فیصل واوڈا نے خبر کے متن پر کچھ نہیں کہابلکہ وہ اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتے رہے ۔خبر کے متن سے ان کا انکار ایسا ہی ہے جیسا کہ ایک ماہ میںلاکھوں ملازمتیں دینے کے وعدے کا دعویٰ تھا۔صحافیوں پر تنقید کرنے کے بجائے انہیں اپنے دلائل میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور وہ خبر کو شواہد کے ساتھ مسترد کریں، جو کہ نہ ہی انہوں نے کیا اور نہ وہ ایسا کرسکتے ہیں۔فیصل واوڈا نے اس بات کی وضاحت نہیں کی آخر کیا وجہ تھی کہ انہوں نے اخوت فائونڈیشن کے چیک تقسیم کرنے کے فعل کو وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اپنا فعل قرار دیا اور اس کی تشہیر سوشل میڈیا پر کی۔اگر وہ اس کا انکار کریں گے تو ہم شواہد پیش کرنے کو تیار ہیں۔انہیں ایک غیر سیاسی اور غیر حکومتی مائکروفنانس ادارے کو سیاسی رنگ دینے پر کوئی شرمندگی نہیں ہے۔انہوں نے اس بات کا اقرار نہیں کیا کہ جو چیک انہوں نے تقسیم کیے تھے وہ اخوت فائونڈیشن کے تھے اور ان کی جانب سے اس میں کوئی مالی معاونت فراہم نہیں کی گئی تھی۔اگر وفاقی وزیر آبی وسائل کو لگتا ہے کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو وہ خبر کے خلاف پریس کونسل آف پاکستان میں درخواست دے سکتے ہیں اور اپنی تکلیف کا مداوا کرسکتے ہیں۔