34 سرکاری بلٹ پروف گاڑیوں کا ذاتی استعمال،نیب کو نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت

May 22, 2019

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے 34قیمتی سرکاری بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری پر نیب کو سابق وزیراعظم نوازشریف سے تفتیش کی اجازت دیدی۔نیب کی تفتیشی ٹیم سابق وزیراعظم نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں پوچھ گچھ کریگی۔ نیب کے مطابق 20؍ گاڑیاں نواز شریف نے خود رکھ لیں کچھ مریم کو دے دیں، وزارت خارجہ کے افسران نے بلٹ پروف گاڑیوں کے معاملے میں تجاوز کیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نیب کی درخواست پر سماعت کی جس میں سارک کانفرنس کے لئے منگوائی گئی بلٹ پروف گاڑیوں کے ذاتی استعمال پر انکوائری میں نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ نیب کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ جرمنی سے 34 بلٹ پروف گاڑیاں ڈیوٹی ادائیگی کے بغیر خریدی گئیں جو سارک کانفرنس 2016 کے مہمانوں کے لیے تھیں مگر ان میں سے 20 گاڑیاں نواز شریف نے اپنے قافلے میں شامل کرلیں جو نواز شریف کے علاوہ مریم نواز کے بھی ذاتی استعمال میں رہیں۔ نیب کے مطابق اس انکوائری میں شاہد خاقان عباسی کا بیان قلمبند کیا جا چکا ہے جبکہ فواد حسن فواد اور سابق سیکرٹری خارجہ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔