آفاق احمد کی 29 سال بعد متحدہ قومی موومنٹ کی دعوت افطار میں شرکت، وفاقی وزراء اور دیگر سیاسی و اہم شخصیات بھی شریک

May 25, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے افطار عشائیہ میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمدلگ بھگ 29سال بعدشریک ہوئے جبکہ تقریب میں وفاقی وزرا، دیگر سیاسی رہنما اور اہم شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے اس میں ہم سب کو اختلافات بھلا کر آگے بڑھنے ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب شہرکراچی کی نمائندہ تقریب کہی جاسکتی ہے جس میں صحافت، سیاست، ادب، فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں،ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سالانہ افطار ڈنر کا اہتمام جمعہ کو مقامی بینکویٹ میں کیا گیا تھا جس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد،سابق وزیر خزانہ اسد عمر،فنکشنل لیگ کی سینئر رہنما نصرت سحرعباسی،پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب، شہلا رضا، وقار مہدی، راشد ربانی، پی ٹی آئی کے خرم شیرزمان،حلیم عادل شیخ، ایم آئی ٹی کے ڈاکٹر سلیم حیدر، پی ایس پی کے وسیم آفتاب، سلیم تاجک، سابق وفاقی وزیر مرتضی جتوئی، کنوینر اے پی ایم ایل سرمد احمد صدیقی، شاہ تراب الحق، ڈاکٹر عطاء الرحمن، پروفیسر اعجاز فاروقی، جمیل یوسف، صابر ہزاروی جمعیت علمائے اسلام، سینٹر راحیلہ گل مگسی، نہال ہاشمی مسلم لیگ (ن)، ڈاکٹر غلام ارباب رحیم، مفتی نعیم، رمضان چھیپا، مرحوم ڈاکٹر عمران فاروق کے والد فاروق احمد اور والدہ، اداکار جاوید شیخ، بہروز سبزواری، منور سعید، ایاز خان، گلوکار ایم افراہیم، امجد رانا، انور اقبال، کرکٹر شاہد آفریدی، اقبال قاسم، جلال الدین، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور اراکین مہاجر رابطہ کونسل،بیورو کریٹس اوردیگر اہم شخصیات کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنماسید فیصل سبزواری، امین الحق، خواجہ اظہار الحسن، اسامہ قادری اور دیگر بھی موجود تھے۔