بلدیہ جنوبی کی حدود میں اشتہاری شاپ بورڈز کا ٹھیکہ پونے 7 کروڑ میں نیلام

May 26, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ جنوبی کے کونسل ہال میں محکمہ ایڈورٹائزمنٹ کے تحت مالی سال برائے 2019-20 کیلئے ڈی ایم سی سائوتھ کی حدود میں شاپس بورڈز، کمپنی شاپ بورڈز، سن شیڈزاور موونگ پبلسٹی کاکنٹریکٹ دینے کیلئے منعقد کئے گئے اوپن نیلام عام میں کنٹریکٹر نے 7 کروڑ 75 لاکھ روپے کی کامیاب بولی دے کر کنٹریکٹ حاصل کیا واضح رہے کہ مذکورہ کنٹریکٹ کی معیاد یکم جولائی 2019 تا 30 جون 2020 ہوگی،اس موقع پر نیلام عام کمیٹی کے چیئرمین میونسپل کمشنر سائوتھ برکت اللہ میمن،ڈپٹی کمشنر سائوتھ کے نمائندے اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ محمدمطاہرامین وٹّو،کونسل کی ایڈورٹائزمنٹ کمیٹی کے رکن عبدالحمید بلوچ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ وزیرعلی بہیلم،اکائونٹس آفیسرغلام مرتضی بھٹو اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمدرئیسی بھی موجودتھے، نیلام عام میں چیئرمین ڈی ایم سی سائوتھ ملک محمدفیاض اعوان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے اور ان کی بروقت تکمیل کیلئے ادارے کی آمدنی کے ذرائع بڑھانے جیسے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ترقی کاجوسفر ضلع جنوبی میں شروع کیا ہے وہ مسلسل رواں دواں اور جاری رہے۔