موجودہ نظام عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا،مصطفیٰ کمال

May 27, 2019

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ موجودہ نظام عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے ‘ ملک کے حالات ٹھیک نہیں چل رہے ہیں‘موجودہ حکومت کو خود کوئی فیصلہ کرلینا چاہئے ‘تاخیر سے مزید حالات خراب ہونگے جو لوگ گٹر لائن ٹھیک کرنے اور کچرا اٹھانے کے اختیار نہیں لے سکتے وہ نیا صوبہ بنانے کی باتیں کررہے ہیں‘ یہ سندھ میں سندھیوں اور اردو بولنے والوں کو لڑانے کے مترادف ہے ‘ مجھے نہیں لگتا کہ ایم کیو ایم والے اپنی مرضی سے عمران خان کا ساتھ چھوڑ سکتے ہیں‘ چیئرمین نیب کے کردار کے حوالے سے وڈیو اور آڈیو چل رہی ہے‘غلط لوگ چیئرمین کے کمرے میں کیا کررہے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں پارٹی کی جانب سے افطار و ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کے کردار کے حوالے سے آڈیو اور وڈیو چل رہی ہے جو کہ ملک کے لئے ٹھیک نہیں ہے‘ ایسے واقعات کے بعد لوگ کیسے سرمایہ کاری کریں گے‘ آپ پر الزام لگانے والے کرپٹ اور دو نمبر لگ ہوں گے انہوں نے کہا کہ الزام لگتے ہی چیئرمین نیب کو عہدے سے علیحدہ ہوجانا چاہئے تھا‘ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت رہے لیکن وہ عوام کے حق میں فیصلے کرے تو ہم بھی تالیاں بجائیں گے لیکن ملک کے ساتھ کھلواڑ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولوگ گٹر لائن اور کچرے کا اختیار نہیں لے سکے وہ صوبہ کیا بنائیں گے‘ آپ کی اسمبلی میں اکثریت نہیں آپ سندھی اور اردو بولنے والوں کو لڑانا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ متحدہ کراچی کے لوگوں کی چھتیں گرنے سے بچا نہیں سکی۔ افطار و ڈنر میں پارٹی صدرانیس قائم خانی‘ اشفاق منگی ‘شبیر قائم خانی اور دیگر بھی موجود تھے۔