مقبوضہ کشمیر، تیسرے روز بھی ہڑتال،فوجی اپنے ہی فائرسے ہلاک

June 10, 2019

سرینگر(جنگ نیوز/ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی دہشتگردی کیخلاف تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی،سینکڑوں مظاہرین سارا دن سڑکوں پر رہے،فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے جبکہ ضلع گندربال کے علاقے سفاپورہ میں بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات اہلکارترن کمار اپنی سرکاری رائفل کو صاف کر رہا تھا کہ گولی چل جانے کے باعث ہلاک ہوگیا۔اس سے قبل حالیہ عرصے کے دوران بھارتی فوجیوں کی خودکشی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جن میں انہوں نے زیادہ تر خود کو اپنی سرکاری رائفل سے گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو مسلسل تیسرے روز بھی پانچ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر ہڑتال رہی اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے،اسلام آبا دمیں ہزاروں لوگو ں نے شہید اقبال کے نمازجنازہ میں شرکت کی اس موقع پر علاقہ آزادی اور جیوے پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا، اسلام آبادضلع میں انٹرنیٹ سروس اتوار کو بھی معطل رہی۔ یہ پانچ نوجوان بھارتی فو ج نے دو روز کے آپریشن میں شہید کئے ہیں۔ہڑتال کے باعث علاقے میں تمام کاروباری ادارے اور دیگر سرگرمیاں بندرہیں جبکہ ٹریفک بھی معطل رہی،ادھر پلوامہ جھڑپ کے دوران زخمی فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔دریں اثنامقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ایک اور اہلکار اپنی سرکاری رائفل کو صاف کرتے ہوئے گولی چل جانے سے ہلاک ہوگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع گندربال کے علاقے سفاپورہ میں واقع بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات ترن کمار اپنی سرکاری رائفل کو صاف کر رہا تھا کہ غلطی سے گولی چل جانے کے باعث شدید زخمی ہوگیا۔زخمی سپاہی کو ساتھیوں نے ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سپاہی ترن کمار نے دم توڑ دیا۔ سپاہی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردی گئی ہے۔