قبائلی اضلاع 152 ، کراچی 45.50 ، بلوچستان کیلئے 10.40 ارب کے پیکیج

June 12, 2019

اسلام آباد (اے پی پی، این این آئی) بجٹ میں قبائلی اضلاع کیلئے 152ارب،کراچی 45.50 ارب اور بلوچستان کیلئے 10.40؍ ارب روپے کے پیکیج رکھے گئے ہیں۔ جبکہ ریلوے ڈویژن کے28 ترقیاتی منصوبوں کے لئے 16ارب روپے مختص کر نے کی تجویز ہے۔ تفصیلات کے مطابق مالی سال 2019-20 میں خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے اضلاع کیلئے وفاقی حکومت 152 ارب روپے فراہم کریگی۔ وزیر مملکت برائے ریونیو نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی کے لیے 10.4 ارب روپے سے کوئٹہ ڈیولپمنٹ پیکج کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے، یہ رقم 30 ارب روپے کے پانی اور نکاسی کے منصوبوں سے الگ ہے۔ بجٹ میں ریلوے ڈویژن کے28 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 16ارب روپے مختص کر نے کی تجویز ہے۔ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ضم کئے گئے اضلاع کیلئے 10 سالہ ترقیاتی منصوبہ بھی شامل ہے جس کیلئے وفاقی حکومت 48 ارب روپے دیگی۔ یہ 10 سالہ پیکیج ایک کھرب روپے کا حصہ ہے جو وفاقی اور صوبائی حکومتیں مہیا کریں گی۔پی ایس ڈی پی میں ریلوے ڈویژن کے28 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 16ارب روپے کا بجٹ تجویذ کر دیا ، 28منصوبوں میں 23 جاری اور 5نئے منصوبے شامل ہیں۔