سلیکٹڈوزیراعظم کو کچھ پتہ نہیں‘سب وزیرداخلہ کروارہاہے‘زرداری

June 12, 2019

اسلام آباد (ایجنسیاں) سابق صدر آصف علی زر داری نے اپنی گرفتاری پر کہاہے کہ چیئر مین نیب کی کیا مجال ہے ؟ سب حکومت کرتی ہے ، سلیکٹڈ وزیر اعظم کو کچھ پتہ نہیں ‘ سب وزیر داخلہ کروا رہا ہے ،میں نہیں ہونگا تو بلاول ہوگا ، بلاول نہیں ہوگا تو آصفہ ہوگی ،جو سیاست کریگا اس کو جیل جانا پڑیگا،نیب کو ختم کرنا چاہتے تھے ، اتفاق رائے نہیں ہوسکا ‘عمران خان کولندن بھاگتا دیکھ رہاہوں۔منگل کو آصف زرداری نے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگوکی ۔ صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ جس طرح نواز شریف کو پارلیمنٹ سے آؤٹ کردیا گیا، کیا آپ پر بھی وہی فارمولا اپلائی کیا جارہا ہے ۔زر داری نے جواب دیا کہ فرق کیا پڑے گا، میں نہیں ہونگا تو بلاول ہوگا،بلاول نہیں ہوگا تو آصفہ ہوگی۔ مشرف منتخب نہیں تھا اس لئے جیل جانے کو تیار نہیں۔آصف زرداری نے کہاکہ مشرف نے ووٹ نہیں مانگنے ،ہم نے ووٹ مانگنے جانا ہے۔آصف زرداری نے کہاکہ گرفتاری تھرڈ ورلڈ ممالک میں سیاست کا حسن ہے۔آصف زرداری نے کہاکہ میری گرفتاری دباؤ کے حربے ہیں‘ہم حمزہ شہباز کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہیں‘ عمران خان کو لندن بھاگتا دیکھ رہا ہوں۔ صحافی کی جانب سے سوال پر کہ نواز شریف نے میمو گیٹ پر اظہارافسوس کیا، آپ کو بلوچستان حکومت گرانے پر افسوس ہے، سابق صدر نے کہا کہ سیاست میں انسان کو پوزیشن لینا پڑتی ہے۔قبل ازیں آصف علی زر داری کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلاء اور میڈیا کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا گیا ، وکلاء اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی ۔