شہر کو طلب کے مقابلے میں 44فیصد پانی دستیاب ہے،ایم ڈی واٹربورڈ

June 13, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسد اللہ خان نے کہا ہے کہ واٹربورڈ کو شہر کی طلب کے مقابلے میں صرف 44فیصد پانی دستیاب ہے، ان تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے شہری خصوصا منتخب نمائندے واٹربورڈ سے تعاون کریں،یہ بات انہوں نے ارکین سندھ اسمبلی لیاقت عسکانی،جمال الدین صدیقی اورربستان خان اوریوسی چیئرمین کیماڑی آصف خان کے ساتھ آئے وفود سے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اراکین اسمبلی نے ایم ڈی واٹربورڈ کو اپنے حلقہ انتخاب کے مکینوں کو درپیش فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے آگاہ اور اور ان کے حل کا مطالبہ کیا، ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ واٹربورڈ منتخب نمائندوں کے نشاندہی کردہ فراہمی ونکاسی آب سے متعلق مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرتا ہے ، واٹربورڈ کی لائنوںمیں چھیڑچھاڑکرنے اور لائنوں میں اسٹیل کی پلیٹیں و ربرکی چپلیں پھنساکر دوسرے لوگوں کا پانی روکنے اور غیرقانونی کنکشن لینے والوں کی نشاندہی کی جائے ،انہوں نے پیرالہٰی بخش کالونی میں قلت آب کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر پی آئی بی پمپنگ اسٹیشن کے پمپس اور دیگر مشینری کی تبدیلی ومرمت ،پینے کے پانی میں بدبودار پانی کی آمیزش کے خاتمے ، مین ہولز اور سیوریج لائنوںکی فوری مرمت کے احکامات بھی جاری کیئے جبکہ پیٹل پاڑہ، گارڈن ایسٹ،سولجر بازار،کیماڑی سمیت صوبائی حلقہ پی ایس ، 122,112,106 میں دستیاب پانی کی فراہمی میں بہتری، سیوریج لائنوں کی صفائی اور کھلے مین ہولز پر کورو رنگ سلیب رکھنے کی بھی ہدایات دیں۔