تحریک آزادی کشمیر کیلئے سردار آفتاب کی کاوشیں مشعل راہ ہیں، کشمیری رہنما

June 14, 2019

برسلز (عظیم ڈار) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے زیر اہتمام ممتاز کشمیری رہنما سردار آفتاب خان کی دوسری برسی عقیدت و احترام کے ساتھ برسلز میں منائی گئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ کیا گیا۔پروگرام کی صدارت جے کے ایل ایف یورپ زون کے سینئر نائب صدر مشتاق پاشا نےکی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار آفتاب خان کی نامساعد حالات کے باوجود تحریک آزادی کے مشن کے لئے کاوشیں کشمیری عوام کے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لئے اپنی صفوں میں اتفاق واتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ جے کے ایل ایف فرانس برانچ کے صدرحبیب خان نے کہا کہ میرے غلام دیس کے غلام باسیو ہمیں آفتاب خان کی برسی پر ان شہداء کا ذکر اور ان ماؤں بہنوں کا ذکر بھی ضرور کرنا چاہئے جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنی عصمتیں لٹائیں لیکن دشمنوں کے سامنے آزادی کی تحریک کو جواں مردی سے تھامے رکھا۔ سوشل جسٹس پارٹی کے صدرڈاکٹر اسحاق خان نے کہا کہ سردار آفتاب خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سردار محمود اور پروفیسر سجاد نے تحریک آزادی کے تناظر میں جو بات کی ہےوہ الفاظ اگر جوڑ دیئے جائیں تو میری تقریر وہیں ختم ہوجاتی ہے۔جے کے ایل ایف کے ممبر ڈپلومیٹک کونسل سردار نسیم اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں اس درویش سردار آفتاب کو انکی کشمیری عوام کے لئے خدمات اور تحریک آزادی کی کوششوں کے لئے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔جنہوں نےزمانہ طالب علمی سے زندگی کی آخری سانس تک جدوجہد کی۔ نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما زاہد اقبال نے کہا کہ جس انسان کی یاد میں ہم اکٹھے ہوئے ہیں انہوں نےاپنا آج آنے والی نسلوں پر قربان کردیا ہے۔ جے کے ایل ایف کے سابق زونل جنرل سیکرٹری خلیل حبیب نے کہا کہ ہم سردار آفتاب کو دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے جس مشن اور تحریک کی خاطر قربانیاں دیں ہم اس نظریے پر کہاں تک عمل پیرا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پچھلے چالیس سال سے تحریک آزادی کے نشیب وفراز کو دیکھتا چلا آرہا، ہوں جے کے ایل ایف جو کشمیریوں کی آزادی کی بڑی قوت تھی اسے سامراجی قوتوں نے کئی حصوں میں تقسیم کردیا۔جے کے ایل ایف کےسینئر رہنما اسد محمود نے کہاکہ سردار آفتاب خان سے اختلافات ہونے کے باوجود انکا کہنا تھا کہ ہمارا نظریہ ایک ہے سوچ ایک ہے ہماری راہ ایک ہے ہماری منزل ایک ہے۔جموں کشمیر سوشل جسٹس پارٹی کے چیف آرگنائزر ساجد شریف نے کہاکہ آفتاب خان نے مشکل ترین حالات میں تحریک آزادی کی شمع جلائے رکھی وہ قابل تحسین ہے۔کشمیر کونسل ای یو کےسینئر نائب صدر خالد جوشی نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی کہ سردارآفتاب نے تحریک آزادی کا آغاز نیشنل اسٹوڈنٹ فیڈریشن سے کیا اور اس فیڈریشن کی بنیاد محمد خالق انصاری ایڈووکیٹ جو ان سب کے قائد تھے نے رکھی اور انکے نظریات اور مقبول بٹ، امان اللہ خان اور سردار رشید حسرت کے نظریات کو آگے پہنچایااور اب انہی نظریات کی قیادت یاسین ملک جیسے لیڈر کررہے ہیں۔جو اس وقت دلی کی تہاڑ جیل میں پابند سلاسل ہیں۔سیاسی رہنما وسیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ سردار آفتاب جیسے لوگ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔جموں کشمیر اسٹوڈنٹ لبریشن فرنٹ کے سابق چیف آرگنائزر شاہد عزیز نے کہا کہ آفتاب خان ایک نظریے ایک سوچ اور ایک کردار کا نام تھا۔ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمامحمود اقبال نے کہا کہ سردار آفتاب خان میرے حلقے کی ایک باکردار اور زیرک شخصیت تھے۔سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سجاد نے کہا کہ سردار آفتاب بھی ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تحریک آزادی کو زندہ رکھا۔کونسلر عامر نعیم سنی نے کہا کہ آپ نے تحریک آزادی کے جن چمکتے ستاروں کی محفل سجائی ہے وہ کشمیری عوام کے لئے مشعل راہ ہیں۔جے کے ایل ایف یورپ کے چیف آرگنائزر عدنان حنیف نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض جے کے ایل ایف یورپ کے جنرل سیکرٹری ظہیر زاہد نے ادا کئے جبکہ ایک پروگرام اینٹورپن میں جے کے ایل ایف بلجیم برانچ کے صدر مشتاق دیوان کی صدارت میں منعقد ہوا۔پروگرام میں نظامت بلجیم برانچ کے جنرل سیکرٹری مسعود اقبال میر نے کی۔ مقررین نے اپنے اپنے انداز میں سردار آفتاب خان کی کشمیری عوام کے لئے خدمات اور تحریک آزادی کے حوالے سے انکی جدوجہد کو زبردست انداز میں سراہا۔انھوں نے مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور حریت لیڈر یاسین ملک کی بلاجواز گرفتاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی سرکار کو عندیہ دیا کہ وہ وادی کشمیر میں کشمیری عوام کے ساتھ ظلم ستم کو بند کرے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔