کراچی میں آج بھی شدید گرمی، ہوا، پانی، بجلی بند

June 15, 2019

کراچی میں سمندری ہوائیں آج بھی بند رہیں گی، کراچی میں موسم آج بھی گرم ہی رہے گا، درجہ حرارت بھی 41 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


شدید گرمی اور حبس میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں سے تجاوز کر گیا، کے الیکٹرک نے صورت حال کی ذمے داری گیس پریشر میں کمی پر ڈالی جسے وفاقی حکومت نے سختی سے مسترد کر دیا۔

ادھر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی، جس سے کراچی کو 100 ملین گیلن سے زائد پانی فراہم نہیں کیا جا سکا۔

کراچی آج بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق یہاں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی اور پارہ 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

شدید گرمی اور حبس کے موسم میں شہر کے مختلف علاقوں میں 10 گھنٹے سے زائد کی لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔

لیاری، کورنگی، گلستان جوہر، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالون، گلستانِ جوہر، لیاقت آباد، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، منگھوپیر اور کھارادر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی بند کر دی جاتی ہے۔

کے الیکٹرک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں گرمی کی وجہ سے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے، گیس پریشر میں کمی کے باعث کچھ پلانٹس کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

کے الیکٹرک کے اس دعوے کو وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایس جی سی کے الیکٹرک کو ضرورت سے زیادہ گیس فراہم کر رہا ہے اور گیس پریشر میں کمی کا دعویٰ غلط ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کو مزید 150 میگا واٹ بجلی دینے کی منظوری دی ہے لیکن کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام ہی موجود نہیں جس کی وجہ سے ابھی تک فراہمی ممکن نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جس کے باعث شہر کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق لائن پھٹنے سے کراچی کو 100 ملین گیلن سے زائد پانی فراہم نہیں کیا جاسکا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بحالی کے لیے عملہ کام کر رہا ہے۔

واٹر بورڈ کا مؤقف ہے کہ بجلی بحال کر بھی دی جائے تو بھی شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر لانے میں 75 سے 90 گھنٹے درکار ہوں گے۔

گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا۔

ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، لاہور، سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، حیدر آباد، میر پور خاص، کراچی ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز، گرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سرگودھا میں گرمی کی شد ت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، شہری گرمی کی شد ت کے باعث دن کی بجائے رات کے اوقات میں شاپنگ کو تر جیح دینے لگے، البتہ اس شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ نہ ہو نے سے شہری خوش ہیں۔