کراچی:ایڈیشنل آئی جی کا چیئرمین ضلع وسطی کے ساتھ اجلاسِ عام

June 19, 2019

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کراچی میں منتخب نمائندوں سے ملاقاتوں کے سلسلے میں آج ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی اور یو سی چیئرمین و وائس چیئرمین کے ساتھ اجلاس عام کیا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


ڈی آئی جی ویسٹ امین یوسفزئی، ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر، ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ضلع بھر کے ایس پی، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

کراچی پولیس چیف اور دیگر افسران نے حاضرین کے مسائل سنے اور اجلاس میں موجود پولیس افسران سے جواب طلبی کی۔

لیاقت آباد میں ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے، نیو کراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں منشیات فروشوں کے خلاف بھر پور کارروائی کے لیے متعلقہ افسران کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی۔

ایڈیشنل آئی جی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر علاقوں میں جرائم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں۔

عوامی نمائندوں کی جانب سے پولیس کی اچھی کارکردگی کی نشاندہی کی گئی تو منشیات فروشوں اور اسٹریٹ کرمنلز کی سرکوبی پر کراچی پولیس چیف نے ایس ایچ او شاہراہ نورجہاں کو 10 ہزار روپے اور سی سی فرسٹ انعام دینے کا اعلان کیا۔

ڈاکٹر امیر شیخ نے ہدایت کی کہ لوگوں کو گھر کرایہ پر دیتے ہوئے معاہدہ تھانے میں ضرور جمع کرائیں۔

اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، جو پولیس اہلکار منشیات فروشوں کے ساتھ پایا گیا اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔ اسٹریٹ کرائم گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوا ہے، 65 فیصد اسٹریٹ کرائم میں 50 فیصد نوجوان ملوث ہیں۔

مزمل شیخ نے کہا کہ جرائم میں ملوث بیشتر ملزمان منشیات استمعال کرتے ہیں۔ بیروزگاری بھی اسٹریٹ کرائم بڑھنے کی ایک وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں گداگروں کے خلاف مہم چل رہی ہے، اس میں یو سی چیئرمین اپنا کردار ادا کریں۔ مخیر حضرات غریب لوگوں کی خاموشی سے مدد کرتےرہیں، انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی کام نہیں، پولیس کو اپنا سمجھیں۔