Advertisement

’’مہمان نوازی‘‘ اسلامی تہذیب کی قابلِ فخر روایت

July 05, 2019
 

ارشادِ نبویؐ ہے:جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے، اسے چاہیے کہ وہ مہمان کی خاطر تواضع کرے۔(صحیح بخاری) مہمانوں کی خاطر مدارات کرنا انبیاءؑ کی سنت ہے، جیسا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے مہمانوں کے ساتھ ان کی عزت و تکریم کے حوالے سے معاملہ کیا۔سورۃ الذاریات میں ارشاد ربانی ہے: کیا آپ کو ابراہیم (علیہ السلام) کے معزز مہمانوں کی خبر بھی پہنچی ہے؟وہ جب ان کے ہاں آئے تو سلام کیا، اور ابراہیمؑ نے سلام کا جواب دیا(اور کہا یہ تو ) اجنبی لوگ ہیں،پھر (چپ چاپ جلدی جلدی) اپنے گھر والوں کی طرف گئے اور ایک فربہ بچھڑے(کا بھنا ہواگوشت)لائے، اور اسے ان کے پاس رکھا ،انہوں نے اس ( ابراہیم علیہ السلام) کو ایک حلم والے لڑکے کی بشارت دی۔اس آیت کریمہ سے معلوم ہوتا ہے کہ مہمان کی عزت اور اس کا اکرام، خاطر و مدارات اپنی حیثیت کے مطابق کرنا ضروری اور واجب ہے۔

آنحضرتﷺ کو اللہ تعالیٰ نے تمام انبیاءؑ کا جامع اور افضل الرسل فرمایا ہے۔آپﷺ کی پاکیزہ سیرت میں مہمان نوازی کی صفت اتنی اعلیٰ تھی کہ اس کی مثال نہیں ملتی۔آپﷺ کی حیات مبارکہ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے،جن میں آپﷺ نے مہمان نوازی کے اعلیٰ ترین معیار کا نمونہ قائم فرمایا۔آپﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے، وہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے،جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتاہے،تو وہ اپنے پڑوسی کی عزت کرے اور جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتا ہے، وہ اپنے مہمان کا اکرام کرے۔(صحیح مسلم)ایک موقع پر آپﷺ نے حضرت عبداللہ بن عمروؓسے فرمایا:تمہارے مہمانوں کا تم پر حق ہے۔(صحیح بخاری)

مہمان نوازی کو ایک فرض قرار دیتے ہوئے رسول اکرمﷺ نے فرمایا: جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے،اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ مہمان کی عزت کرے۔ایک دن اور ایک رات تک اس کی (مہمان کی) خدمت تو اس کا انعام شمار ہوگی،جب کہ تین دن تک مہمان نوازی ہوگی،اس کے بعد کی خدمت صدقہ ہے۔ساتھ ہی اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ مہمان کے لیے مناسب نہیں کہ وہ تین دن سے زیادہ ٹھہرا رہے اور اسے (میزبان کو) تکلیف میں ڈالے۔(سنن ابودائود)

جب ہم آنحضورﷺ کی حیاتِ مبارکہ کا مطالعہ کرتے ہیں تو آپﷺ کی حیات ِطیبہ میں مہمان نوازی کے بے شمار واقعات پاتے ہیں۔آنحضورﷺ کا یہ معمول تھا کہ آپﷺ کے گھر جب کوئی مہمان آتا،توجو بھی بہتر سے بہتر میسر ہوتا،مہمان کی خدمت میں پیش فرماتے۔بعض اوقات کھانے کے دوران اگر کوئی آجاتا تو اسے بے تکلفی سے اپنے ساتھ شامل فرما لیتے۔صحابہؓ میں جو بھی انتظامی ڈیوٹیاں تقسیم ہوتیں،ان میں سے آپﷺ اپنے ذمے بھی کچھ نہ کچھ ذمے داری لیتے۔جب کافی تعداد میں مہمان آجایا کرتے تو آپﷺ صحابہؓ میں مہمانوں کو تقسیم فرما دیتے اور اپنے ساتھ مہمانوں کو گھر لے آیا کرتے۔ابتدائی زمانہ غربت کا تھا ،نیز آپﷺ کو صحابہؓ کی فاقہ کشی کا علم تھا،اس لیے جب بھی کھانے کے ظاہری اسباب میسر آتے، چاہے وہ تھوڑے سے ہی ہوں،آپﷺ اس یقین کے ساتھ کہ اللہ تعالیٰ میری دعا سے برکت ڈالے گا،صحابہؓ کو بلوا لیتے اور ان لوگوں کو بھی بلوا لیتے جو بھوکے وہاں موجود ہوتے تھے، تاکہ ان کی بھی مہمان نوازی ہو جائے۔بسا اوقات آپﷺ نے اپنے ہاں مہمان ٹھہرائے اور ان کے لیے مستقل خوراک کا انتظام فرمایا۔بعد ازاں جب وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا تو آپﷺ ان کی بھی مہمان نوازی کا انتظام فرماتے۔ہر موقع پر آپﷺ اس تلاش میں رہتے کہ کسی طرح مہمان کی خدمت کا موقع ہاتھ آئے۔

حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک رات ایک کافر آنحضورﷺ کے ہاں مہمان بنا۔ آپﷺ نے اس کے لیے بکری کا دودھ لانے کا حکم فرمایا، جو اس نے پی لیا۔ پھر دوسری اور تیسری یہاں تک کہ سات بکریوں کا دودھ پی گیا۔راوی کہتے ہیں کہ صبح اس نے اسلام قبول کر لیا۔ آپﷺ نے پھر اس کے لیے دودھ لانے کا ارشاد فرمایا تو اس نے پی لیا، پھر آپﷺ نے دوسری بکری کا دودھ لانے کا ارشاد فرمایا تو وہ پورا دودھ ختم نہ کر سکا۔ آنحضرتﷺ نے فرمایا: مومن ایک آنت میں کھاتا ہے، جب کہ کافر سات آنتوں کو بھرتا ہے۔ (جامع ترمذی)

آنحضورﷺ بعض مرتبہ وفود کی مہمان نوازی کا فرض صحابہؓ کے سپرد فرماتے ۔ایک دفعہ قبیلہ قیس کا وفد آپﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپﷺ نے انصارؓ کو ان کی مہمان نوازی کا ارشاد فرمایا، چناںچہ انصارؓان مہمانوں کو لے گئے۔صبح وہ حاضر ہوئے تو آپﷺ نے دریافت فرمایا: تمہارے میزبانوں نے تمہاری کیسی خدمت کی، انہوں نے کہا یارسول اللہﷺ!بڑے اچھے لوگ ہیں۔ہمارے لیے نرم بستر بچھائے،عمدہ کھانے کھلائے اور پھر رات بھر کتاب و سنت کی تعلیم دیتے رہے۔ (مسند احمد)

حضرت ابوشریح ؓ سے مروی ہے، وہ فرماتے ہیں : رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : ’’ جو شخص اللہ تعالیٰ پر اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہو، اسے چاہیے کہ وہ اپنے ہمسایے کی تکریم کرے اور جو شخص اللہ تعالیٰ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہو ،اسے چاہیے کہ وہ اپنے مہمان کی جائزہ بھر ( یعنی خوب اعزاز و اکرام کے ساتھ ) تکریم کرے۔ عرض کیا گیا : ’’ یا رسول اللہ ﷺ ! ’’جائزہ‘‘ کیا ہے۔‘‘ آپﷺ نے فرمایا : ایک دن رات ( مہمان کا خصوصی ) اعزاز و اکرام کرنا، مہمان نوازی تین دن، تین رات تک ہوتی ہے اور جو ان کے بعد ہو، وہ صدقہ شمار ہوتی ہے، جو شخص اللہ تعالیٰ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو، اسے چاہیے کہ اچھی بات کرے ،ورنہ خاموش رہے۔ ‘‘ (الادب المفرد)

مہمانوں کے کھانے پینے پر مسرت محسوس کیجئے، مہمان زحمت نہیں، بلکہ رحمت اور خیرو برکت کا ذریعہ ہوتا ہے اوراللہ جسے آپ کے یہاں بھیجتا ہے اس کا رزق بھی اُتاردیتا ہے۔روایت کے مطابق حضور اکرم ﷺکے پاس جب مہمان آتے تو آپ ﷺبذاتِ خود ان کی خاطر داری فرماتے۔آپؐ مہمان کو اپنے دستر خوان پر کھانا کھلاتے ۔


مکمل خبر پڑھیں