”دنیائے کرکٹ“ کا بادشاہ کون؟ کرکٹ پنڈتوں اور ماہرین کے تبصرے آج ”جیونیوز“ پر

July 14, 2019

کراچی (محمد ناصر) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ءکا فائنل میچ اتوار کو لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ جہاں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی اور جو ٹیم بھی فتح حاصل کرے گی اس کے بعد دُنیائے کرکٹ کو ایک نیا ”عالمی چیمپئن “ مل جائے گا۔ ٹائٹل جیتنے کیلئے دونوں ٹیموں کی بھر پور انداز میں تیاریاں جاری ہیں۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ انگلینڈ نے روایتی حریف آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں شکست سے دو چار کیا۔ انگلینڈ کی بیٹنگ اور نیوزی لینڈ کی بالنگ اپنی ٹیموں کو چیمپئن بنا سکتی ہیں۔ دونوں ٹیموں کی پنجہ آزمائی میں کون کس پر بازی لے جائے گا اور کون کرکٹ کی دُنیا کا ورلڈ چیمپئن کہلائے گا؟۔ اس تمام صورتحال پر بات کرنے کیلئے ”جیونیوز“ ہر میچ کی طرح اس مقابلے پر بھی اپنے ناظرین کو کرکٹ کی ہر خبر سے بروقت باخبر رکھے گا، اسپورٹس ماہرین کی سب سے بڑی اور معتبر ٹیم میچ سے پہلے اور بعد میں اپنے جاندار تبصرے، تجزیئے اور ماہرانہ رائے سے شائقین کو آگاہ کرے گی۔ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم، سابق کرکٹر اور رنز مشین محمد یوسف، معروف آل راؤنڈر عبدالرزاق، اینکر فاطمہ سلیم، سکندر بخت ، سینئر صحافی ماجد بھٹی، فیضان لاکھانی، اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی ، سینئر تجزیہ کار عالیہ رشید اور دانش انیس بھی اپنے خیالات سے ناظرین کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ سنسنی خیز میچ کی لمحہ بہ لمحہ اَپ ڈیٹس اور نیوز رپورٹس ”جیونیوز“ پر براہ راست پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کرکٹ کی تازہ ترین خبریں بھی ”جیونیوز“ کی اُردو اور انگلش ویب سائٹس پر بھی اَپ ڈیٹ کی جاتی رہیں گی۔