3 پولیس اہلکاروں کے وارنٹ،گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

July 16, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے حکم عدولی پر 3 پولیس اہلکاروں کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے تھانہ لوہاری گیٹ میں درج منشیات کے مقدمہ سرکار محمد حسین میں ہیڈ کانسٹیبل جاوید ، کانسٹیبلوں عابد حمید اور کاشف کلیم کو بطور گواہ طلب کیا تھا تاہم وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر فاضل عدالت نے مذکورہ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے 13 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، سیشن کورٹ نے بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم عبدالغفور کی عبوری ضمانت میں تھانہ صدر پولیس سے 27 جولائی کو ریکارڈ طلب کرلیا ہے،سیشن کورٹ نے 8سالہ بچے سے زیادتی کی کوشش کے ملزم ہاشم کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے 5 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کے ملزم عاصم شاہ کی درخواست عبوری ضمانت خارج کرنے کا حکم دیا ہے، تاہم ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ،جوڈیشل مجسٹریٹ نے کنڈی کےذریعےبجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم سلیم کو ایک سال کے لیے پروبیشن پر بھجوانے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے تھانہ مظفرآباد کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے ملزم اجمل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے 2مبینہ افغانی ملزمان سمیع اللہ اور آصف خان کو پولیس کی رپورٹ پرجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے، انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 2نے رستم ملتان اچھی پہلوان اور شہری جعفر حسین کے قتل کیس کے کراس ورشن مقدمات میں عبوری چالان جلد ازجلد عدالت جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے 11 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی ہے۔