معذور افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،مقررین

July 16, 2019

کوئٹہ(خ ن) اقوام متحدہ کا کنو نشن برائے حقوق افراد باہم معذوری کے آرٹیکل نمبر ون کے تحت باہم معذوری میں وہ تمام لوگ شامل ہیں ۔ جو طویل مدت کیلئے جسمانی ، شعوری ، ذہنی اور حسی اعتبار سے کسی خرابی کا شکار ہیں اور ان خرابیوں کی وجہ سے دوسرے افراد کی طرح معاشرتی سر گرمیوں میں مساوی بنیادوں پر حصہ نہیں لے سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے خصوصی افراد کے حقوق کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے کیا۔ مذکورہ ورکشاپ وفاقی وزارت انسانی حقوق، سماجی تنظیم ہینڈی کیپ انٹر نیشنل اور صوبائی محکمہ سماجی بہبود و خصوصی تعلیم کے زیر اہتمام کیا گیا ۔ مقررین میں ایڈیشنل سیکریٹری سماجی بہبود و خصوصی تعلیم محمد یونس چشتی عبدالستار ، ذوالفقار علی، ڈائریکٹر انفارمیشن نور کھیتران ، عزیز اقبال ،مسرت جبین ، زہرہ یوسف و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ خصوصی افراد کے بین الاقوامی معاہدےکے تحت ان کے حقوق کے حوالے سے شرکاء نے سیر حاصل بحث کی شرکاء کی استعدکار بڑھانے کیلئے حکومت کی بین الاقوامی و قومی ذمہ داریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ وفروغ کیلئے ہر ایک نوعیت کا ایک منفرد پروگرام تھا۔ تربیتی ورکشاپ میں شرکاء کو بتایا گیا کہ باہم معذوری میں مبتلا افراد کو وہ تمام حقوق حاصل ہیں جوکہ ایک صحت مند شخص کو حاصل ہیں۔ معذور افراد کیلئے صحت ، تعلیم ، روزگار ، معاشر ت ، سیاست غرض زندگی کے تمام شعبوںمیں وہ حقوق فراہم کرنے چاہئیں جوکہ معاشرے کے عام آدمی کیلئے میسر ہوں ۔ مقررین نے مختلف محکموں کے نمائندوں سے استد عا کی کہ وہ اپنے محکموں میں معذور افراد کیلئے مختص کوٹہ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔