معروف شاعر ،ادیب اور نغمہ نگارحمایت علی شاعر کینیڈا میں انتقال کر گئے

July 17, 2019

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی ،خبرایجنسی)اردو کے معروف شاعر ،ادیب اور نغمہ نگارحمایت علی شاعر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں انتقال کر گئے، وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے اور کینیڈا میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ صبح انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ،ان کی تدفین کینیڈا میں ہی ہو گی ۔حمایت علی شاعر 14جولائی 1926 کو اورنگ آباد دکن میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کی ، اردو شاعری میں ان کا ایک کارنامہ تین مصرعوں پر مشتمل ایک نئی صنف سخن ثلاثی کی ایجاد ہے ۔انہیں صدارتی ایوارڈ ، نگار ایوارڈ سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نےدعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار و دیگر نے حمایت علی شاعر مرحوم کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری میں وطن سے محبت جھلکتی ہے اور مرحوم کا شہرہ آفاق ملی نغمہ ”ساتھیو مجاہدو! جاگ اٹھا ہے سارا وطن“ آج بھی لہو گرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی شاعری کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔