ریپ کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کمیونٹی سے مدد کی اپیل

July 19, 2019

مانچسٹر(خورشید حمید) پولیس نے چیڈرٹن کے علاقے کی ایک پارک میں 13 سالہ لڑکی کے ریپ کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کمیونٹی سے مدد کی اپیل کی ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق 13سال لڑکی پر17 جولائی کی شام مجرمانہ حملہ ہوا ہے۔یہ حملہ کلیٹن میں کھیل کی میدان کے قریب ہوا ۔پولیس کے سپیشل فورس اس معاملے پر تفتیش کر رہی ہے۔ اب تک ایک 15 سالہ لڑکی کو ریپ میں مدد دینے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے جو ابھی تک مزید تفتیش کے لئے پولیس کی حراست میں ہے ۔پولیس نے اس واردات کو ”سٹرینج ریپ “ (STRANGE RAPE)کا نام دیا ہے اور اس کیس میں ہر معاملے کو سختی سے لیا جا رہا ہے۔اسپیشل فورس کے افسروں نے کمیونٹی سے معلومات فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ہر اس شخص سے ملیں گے جو 17 جولائی کی شام چار اور چھ بجے کے درمیان اس علاقے میں موجود تھا ۔خاص طور پر اگر کسی نے اس علاقے میں کسی جگہ بھی کوئی فوٹیج بنائی ہو تو فراہم کرے تاکہ اس کی روشنی میں ملزم کو گرفتار کیا جا سکے۔ اولڈہم ڈسٹرکٹ پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر ایڈی سینڈی فورڈنے واضح کیا ہے کہ پولیس مکمل طور پر حرکت میں ہے اوراس کی سرگرمی سے تفتیش کر رہی ہے تاکہ اس اصل ملزم تک پہنچا جا سکے۔ یقینا اس سے کمیونٹی میں سخت قسم کی تشویش پائی جاتی ہے۔ تاہم میں کمیونٹی کو یہ تسلی دیتا ہوں کہ اس کیس کی تفتیش بڑی سرگرمی سے جاری ہے اور ہمارے نزدیک یہ کیس اپنی نوعیت کا واحد کیس ہے۔ گو ہم اس کی انکوائری کر رہے ہیں تاہم ابھی یہ کیس ابتدائی مرحلے پر ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں اس بارے میں کمیونٹی کی مدد ملے۔