برٹش ائیرویزاورلفتھنسا کی سیکورٹی یشویش پرقاہرہ کیلئےپروازیں معطل

July 22, 2019

لندن ( نیوز ڈیسک ) برٹش ائرویز اور لفتھنسا نے ایک روز قبل سیکورٹی وجوہات کی بنا پر قاہرہ کیلئے پروازیں معطل کر دیں یورپ کی دونوں بڑی ائرلائینوں نے علیحدہ علیحدہ بیانات جاری کئے ہیں ، بی اے کا کہنا ہے کہ اس کی پروازیں ایک ہفتہ کے لئے معطل رہیں گی۔ بی اے نے ہیتھرو سے پروازوں پر بکنگ کرانے والے مسافروں کو ہوشیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دنیا بھر میں تمام ائرپورٹس پر سیکورٹی انتظامات کا مستقل جائزہ لے رہے ہیں اور احتیاطی اقدامات کے طور پر قاہرہ کے لئے اپنی پروازیں ایک ہفتہ کے لئے معطل کر دی ہیں جہاں وہ روزانہ ایک پرواز چلا رہی تھی۔ ائرلائنز نے کہا ہے کہ ہمارے کسٹمرز اور کریوز کی سیکورٹی ہماری پہلی ترجیح ہے اور ہم اس وقت تک پرواز نہیں چلائیں گے جب تک کہ آپریشن شروع کرنے کیلئے ائرپورٹ محفوظ نہ ہو جائے لفت ہنسا نے کہا کہ اس نے اگلے روز سے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ائیرلائن نے ایک بیان میں کہا کیونکہ سیفٹی لفتھنسا کی سب سے پہلی ترجیح ہے لہٰذا ائرلائنز نے احتیاطی اقدامات کے طور پر 20جولائی کو قاہرہ کے لئے پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔معمول کا آپریشن پیر سے شروع ہو جائے گا اور تمام پروازیں شیڈول کے مطابق چلیں گی ۔ بی اے کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اب بھی سفر کے خواہش مند کسٹمرز کے لئے متبادل ائیرلائنز سے پر دوبارہ بکنک کی جائے گی یا پھر انہیں رقم واپس کرنے کی پیشکش کی جائے گی ۔ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ برٹش ائرویز نے پروازوں کی معطلی کے اعلان سے قبل ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کو فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔