عدم ادائیگی پر فوری طورپر کنکشنز منقطع کئے جائیں: چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو

July 23, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکوا نجینئرطاہر محمود نے کہا ہے کہ فیلڈ افسران اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور نئے مالی سال کے آغاز سے محنت کریں، بجلی چوروں کیخلاف کارروائی مزید تیز کی جائے، وہ ڈی جی خان سرکل کے دورے کے موقع پر افسران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، انہوں نے کہا کہ تمام ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل آفیسرز لائن لاسز میں کمی، ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی، رننگ ڈیفالٹرز سے بلوں کی وصولی کے اہداف حاصل کریں ، ایک ماہ سے زائد عرصہ کے نادہندگان سے بقایاجات وصول کریں اور عدم ادائیگی واجبات پر کنکشنز فوری طورپر منقطع کئے جائیں ، ایکسین اور ایس ڈی اوز خود فیلڈ میں نکلیں جبکہ ایس ڈی اوز بیج وائز لسٹیں سب ڈویژنل سٹاف کو فراہم کریں اور وصولی کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں ۔انہوں نے کہا کہ لائن سٹاف کو سیفٹی آلات کے استعمال کی ترغیب دیں اور آلات استعمال نہ کرنے والے لائن سٹاف کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے ۔ لائن سٹاف اپنی قیمتی جانوں کی حفاظت یقینی بنائیں ۔