عمران یو ٹرن کا عالمی ریکارڈ بنانے میں مقبول ترین ہیں: طلال چوہدری

July 23, 2019

مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران نیازی یو ٹرن اور جھوٹ کا عالمی ریکارڈ بنانے میں مقبول ترین ہیں۔

رہنما نون لیگ طلال چوہدری وزیر اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فردوس باجی ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھنا تو تھا کہ عمران خان مقبول ترین لیڈر کیسے ہیں؟ عمران نیازی 10 ماہ میں ملک کی معاشی بدحالی کا عالمی ریکارڈ بنا کر مقبول ہیں۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی 10 ماہ میں ملک کی ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی کی شرح 3 فیصد بڑھا کر عالمی ریکارڈ قائم کر کے مقبول ترین ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمارے وزیر اعظم عمران خان کو مقبول رہنما قرار دیا ہے۔