پاکستان کا قومی ’پرندہ‘

July 27, 2019

لبیبہ جاوید

چکور

چکور پاکستان کا قومی پرندہ ہے اور اس کا نام سنسکرت زبان سے لیا گیا ہے- یہ ترکی سے لے کر افغانستان، انڈیا سے لے کر مغربی ہمالیہ کے پہاڑی سلسلوں تک اور وہاں سے نیپال تک پائے جاتے ہیں- اس کے علاوہ اس پرندے کو شمالی امریکہ کے کچھ حصّوں اور نیوزی لینڈ میں بھی متعارف کرایا گیا ہے-

چکور کی کمر کا رنگ ہلکا براؤن اور چھاتی کا رنگ سرمئی ہوتا ہے- دم اور گردن کے درمیانی حصّہ میں دونوں طرف کالے اور سفید رنگ کی پٹیاں ہوتی ہیں- ماتھے اور آنکھوں سے ہوتی ہوئی ایک کالی پٹی ہوتی ہے جو کہ سر کے نچلے حصے میں گلے تک جاتی ہے، جس کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کہ ہار پہنا ہوا ہو- گلے کا رنگ سفید ہوتا ہے- مختلف آبادیوں میں ان کے رنگوں میں معمولی فرق ہو سکتا ہے- ٹانگوں کا رنگ سرخ ہوتا ہے- دم میں 14 پر ہوتے ہیں جن میں تیسرا پر سب سے بڑا ہوتا ہےچکو ر کوگیم برڈ کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے- چکور کا مسکن اونچی پہاڑیاں اور ان پر پھیلی ہوئی جھاڑیاں اور گھاس ہیں- بہت سے علاقوں میں یہ سطح سمندر سے 2000 سے 4000 میٹر کی بلندی پر پایا جاتا ہے لیکن پاکستان میں یہ 600 میٹر کی بلندی پر بھی پایا جاتا ہے- چکور زیادہ بارش والے علاقوں میں نہیں پایا جاتا-نر چکور اور مادہ چکور تقریباً ایک جیسے ہی ہوتے ہیں- مادہ چکور سائز میں تھوڑی چھوٹی ہوتی ہے- چکور عام طور پر چھوٹے چھوٹے گروہوں کی شکل میں رہتے ہیں- ایک گروہ میں ان کی تعداد 10 سے لے کر 50 تک ہو سکتی ہے- چکور اپنا گھونسلا چھوٹی جھاڑیوں یا کسی اٹھی اور آگے جھکی ہوئی چوٹیوں کے نیچے بناتے ہیں-

مادہ چکور انڈے دیتی ہے جن کی تعداد 7 سے 14 تک ہو سکتی ہے- انڈوں سے بچے نکلنے کا عمل تقریباً 25 دن میں مکمل ہو جاتا ہے- بچے جلد ہی اپنے والدین کے ساتھ خوراک ڈھونڈنے کا کام شروع کر دیتے ہیں اور گروہ کے دوسرے پرندوں کے ساتھ شامل ہو جاتے ہیں-چکور خوراک کے طور پر کئی اقسام کے بیج اور چھوٹے کیڑے کھاتے ہیں- چکور آرام کرنے کے لیے کئی ایک ٹھکانے استعمال کرتے ہیں- کچھ جھاڑیوں کے نیچے اور کچھ چٹانوں کی ڈھلوان کو استعمال کرتے ہیں- یہ گروہوں کی شکل میں بھی آرام کرتے ہیں جس میں یہ ایک دائرے کی شکل میں بیٹھتے ہیں جب کہ ان کر سر باہر کی طرف ہوتا ہے تا کہ کوئی شکاری ان پر حملہ نہ کر دے- سنہری عقاب عموماً چکور کا شکار کرتا ہے-شمالی انڈیا اور پاکستانی کلچر میں چکور کو پیار کی علامات بھی سمجھا جاتا ہے- کئی ایسی باتیں بھی مشہور ہیں کہ چکور کا چاند کے ساتھ پیار ہے اور یہ چاند کو ٹکٹکی باندھ کر دیکھتا ہے- سردیوں کے موسم میں یہ نیچے وادی میں اتر آتے ہیں اور کھیتوں سے خوراک حاصل کرتے ہیں- یہ منہ سے مسلسل آوازیں نکالتے ہیں خاص طور پر صبح اور شام کے وقت- اگر کوئی ان کو تنگ کرے تو یہ اڑنے کی بجائے بھاگنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن ضرورت پڑنے پر چھوٹی اڑان بھی بھر لیتے ہیں-