کشمیری 7لاکھ بھارتی فوجیوں کے سامنے جدوجہد کر رہے ہیں:مقررین

August 16, 2019

ملتان(سٹاف رپورٹر) اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین کے ضلعی خادممنشور احمد قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تخلیق نظریہ لاالہ الا للہ پر ہوئی جو نظریہ اسلام ہے اور پاکستان ریاست مدینہ کے بعد پہلی نظریاتی ریاست ہے جس کی بنیاد جغرافیہ کے بجائے ایک نظریے پر رکھی گئی ہے اس لئے جس طرح ہر پاکستانی پر نظریہ اسلام کی تبلیغ لازم ہے اسی طرح نظریہ پاکستان کی تبلیغ بھی لازم ہے چونکہ برصغیر میں اسلام صوفیاء کے توسط سے آیا اور پاکستان کو بزرگوں کی روحانی مدد حاصل رہی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین دربار عالیہ حضرت سلطان باہوؒ ملتان برانچ کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان ویوم ولادت سلطان الفقر ششم اور اہلیان کشمیر سے اظہار یکجہتی سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ اس دن جب پاکستان معرض وجود میں آیا تو کشمیر یوں کو پاکستان کے ساتھ اپنا مستقبل وابستہ کرنے کو جرم سمجھ کر ہندو سامراج نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر لیا اور آج تک کشمیر ی اپنے بنیادی انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کیلئے 7 لاکھ بھارتی فوجیوں کے سامنے امن جدوجہد کر رہے ہیں، سیمینار میں بدر عباس خان ترین،چوہدری برکت علی،قاری محمد الطاف،میاں مغیث احمد قادری،ناصر عزیز،مدثر ایوب،رانا محمد طاہر رزاق،راشد جہانگیر،عابد رضا سلطانی،شبیر احمد سلطانی اور مریدین وسیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔