کشمیری، بھارتی پابندیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں، حریت فورم

August 16, 2019

حریت فورم نے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں سے بھارتی پابندیوں کے خلاف سڑکوں پر آنے کی اپیل کردی۔

فورم کا کہنا ہے کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کیلئے آواز بلند کرنے کیلئے گھروں سے باہر آ جائیں اور بھارت کی جانب سے عائد کردہ کرفیو اور پابندیوں کو توڑ دیں۔جموں و کشمیر،کشمیریوں کی زمین ہے،جس کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔

سری نگر میں حریت فورم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر ویلی ،جموں اور کارگل کے لوگ بھارتی پابندیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کوختم کرنے کے بھارتی مذموم سرگرمیوں کیخلاف احتجاج کریں۔

حریت فورم کا کہنا تھا کہ کشمیری قوم کبھی بھی ہندو توا سازش کو قبول نہیں کرے گی اور ہندو بنیاد پرستوں کو کبھی بھی کشمیری اپنی سرزمین میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

بھارتی پابندیوں کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل حریت فورم، سول سوسائٹی ،وکلا تنظیموں ،صحافیوں،تاجروں ،ٹرانسپورٹرز اور سرکاری ملازمین نے مل کر کی ہے۔