7 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے، لاکھوں کی نقدی، زیورات چوری، 20 لاکھ کا ڈاکہ

August 17, 2019

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میںڈکیتی ، سرقہ بالجبر ، نقب زنی ،چوری اور خیانت مجرمانہ کے ایک درجن سے زائد وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی ،زیورات ،اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ پانچ موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ۔ واہ کینٹ ماڈل ٹائون میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات میں6 ڈاکو 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر ایک کمرے میں بھی بند کردیا ۔ گھر کے مالک واجد خان نے پولیس کو بتایا کہ 4 ڈاکو گھر کے اندر داخل ہوئے اور 2 باہر نگرانی کرتے رہے ۔ ڈکیتی والے گھر سے تھانہ چند قدم کے فاصلے پر واقع ہے ۔تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ فضل ٹاؤن میں میڈیکل سٹور میں ڈکیتی کی واردات میں تاجر محمد کامران سے50ہزار اور تحسین سے تین ہزار روپے لوٹ لئے گئے۔ جبکہ تھانہ گولڑہ کے علاقے جی13 ون سے احمد منصور کے گھر سے ،لیپ ٹاپ ،اور دو لاکھ روپے کی نقدی چوری ہو گئی۔تھانہ ریس کورس کے علاقے میں نامعلوم چوروں نے حسا س ادارے کے آفیسر نعمان سراج کے گھر کے تالے توڑ کر لیپ ٹاپ اور موبائل چوری کرلیے۔تھانہ ائیر پورٹ کے علاقے میں نامعلوم چوروں نے شفاللہ خان کے گھر کے تالے توڑ کر ساڑھے چھ لاکھ روپے کی نقدی اور دس تولے کے طلائی زیورات چوری کرلیے ۔اسی تھانے کی حدود میں نامعلوم چوروں نے سردار ظہیر خان کے گھر کے تالے توڑ کر طلائی زیورات، سیف لاکر، کیمرہ ، زیورات، سات پاسپورٹ،چیک بکس وغیرہ چوری کر لیں۔تھانہ مورگاہ کے علاقے میں نامعلوم چوروں نے اقبال شاہ کے گھر سے تین لاکھ روپے اور سونے کی چوری کرلی۔تھانہ ٹیکسلاکے علاقے سے آصف کی بھینس چوری ہوگئی ۔تھانہ جاتلی کے علاقے میں دلشاد کے گھر سے نامعلوم چوروں نے زیورات ، LED اور نقدی 63500روپے چوری کرلی۔تھانہ کلرسیداں کے علاقے میں خلیل الرحمن نے قاضی عبدالباسط کے چھ لاکھ روپے چوری کرلیے۔تھانہ مری کے علاقے میں افتخار وغیرہ نے شہرین خالد کے گھر کے تالے توڑ کر لیپ ٹاپ ، ٹی وی اور دیگر سامان چوری کرلیا، پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔